جی این ایس آنلائن نیوز پورٹل
راجوری مئی 14:- موضع کیول، سیاری، چھپرولہ، فگولی اور ملحقہ علاقوں کے باشندگان نے آج ترن کیول سے راجوری کی جانب احتجاجی مارچ شروع کیا۔ یہ احتجاج ترن کیول تا فگولی سڑک کی عدم تکمیل اور گرام پنچایت کیول لوئر میں جل جیون مشن (JJM) اسکیم کے نامکمل کاموں کے خلاف کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت سابق سرپنچ کیول لوئر نے کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترن سے فگولئ تک سڑک کا کام سال 2004 میں شروع کیا گیا تھا لیکن دو دہائیاں گزرنے کے باوجود آج تک سڑک کو مکمل طور پر موٹر ایبل نہیں بنایا جا سکا، جس کی وجہ سے ہزاروں لوگ، بالخصوص طلبہ، مریض اور بزرگ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کا پورا علاقہ ابتدائی مقام سے لے کر فگولئ تک ضلع راجوری کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، تاہم تقریباً دو کلومیٹر کے بعد ارتھ ورک پی ڈبلیو ڈی ریاسی کی جانب سے کیا گیا تھا، اور اب نہ راجوری انتظامیہ اور نہ ہی ریاسی انتظامیہ اس اہم سڑک کی تکمیل کی ذمہ داری لے رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عوام برسوں سے سڑک اور جے جے ایم اسکیم کی ناکامی کی وجہ سے مشکلات جھیل رہی ہے، اور اگر ماہ کے اختتام تک مسائل حل نہ ہوئے تو عوام مزید شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
احتجاجی مارچ کے دوران ڈی وائی ایس پی بدھل نیرج بدیال، سب انسپکٹر راہول شرما اور سب انسپکٹر رویندر سنگھ موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو ترن کے مقام پر روک دیا۔ اس کے بعد مشتعل مظاہرین نے کئی گھنٹوں تک بدھل۔راجوری شاہراہ کو بند رکھا اور اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔
بعد ازاں نائب تحصیلدار بدھل ظفر چوہدری، اے ای ای پی ایم جی ایس وائی الطاف چوہدری، اے ای ای پی ایچ ای اشفاق احمد اور جے ای پی ایچ ای عبد الرحمن موقع پر پہنچے اور مظاہرین کے مسائل سنے۔ افسران نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کے تمام جائز مطالبات اور شکایات اس ماہ کے اختتام سے قبل حل کر دی جائیں گی۔ اس دوران اے ای ای پی ایچ ای اشفاق احمد نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ترن، بیجی اور جوری علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی دو دن کے اندر بحال کر دی جائے گی۔











Users Today : 192
Users Yesterday : 261