جی این ایس آنلائن نیوز پورٹل
راجوری، 31 جولائی: سینئر سماجی کارکن محمد فاروق انقلابی نے ضلع انتظامیہ راجوری اور محکمۂ صحت کی جانب سے کیول لوئر، بُدھل میں خصوصی طبی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو دور دراز علاقوں کے عوام کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔
اپنے جاری کردہ بیان میں فاروق انقلابی نے کہا کہ یہ طبی کیمپ ڈپٹی کمشنر راجوری کی ہدایت پر ٹی بی مُکت بھارت مہم کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں نیشنل موبائل میڈیکل یونٹ اور پی ایچ سی بُدھل کے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے بھرپور خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ کیمپ میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں نے طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔ کیمپ کے دوران مریضوں کا مفت طبی معائنہ، ایکس رے، لیبارٹری ٹیسٹ، مختلف بیماریوں کی اسکریننگ اور مفت ادویات فراہم کی گئیں، جس سے دور افتادہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات میسر آئیں۔
فاروق انقلابی نے اس کامیاب طبی کیمپ کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر راجوری، چیف میڈیکل آفیسر راجوری، بلاک میڈیکل آفیسر بُدھل، پی ایچ سی بُدھل کے ڈاکٹروں، نیشنل موبائل میڈیکل یونٹ، پیرا میڈیکل اسٹاف، آشا ورکرز، ملیریا اسٹاف اور دیگر تمام متعلقہ اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے طبی کیمپ دور دراز اور پہاڑی علاقوں کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، جہاں صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی محدود ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمۂ صحت سے اپیل کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے طبی کیمپ باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولیات میسر آ سکیں۔
آخر میں فاروق انقلابی نے کیول لوئر کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھرپور شرکت اور تعاون کرکے اس طبی کیمپ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔











Users Today : 54
Users Yesterday : 99