جی این ایس آنلائن نیوز پورٹل
راجوری، 30 جون: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (PDP) کے سینئر رہنما محمد فاروق انقلابی نے نیشنل کانفرنس کے بودھل، تھنہ منڈی اور سرنکوٹ کے اراکینِ اسمبلی کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر پر ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں مبینہ امتیازی سلوک کے لگائے گئے الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
محمد فاروق انقلابی نے کہا کہ یہ الزامات کسی اپوزیشن جماعت نے نہیں بلکہ خود حکمران جماعت کے منتخب عوامی نمائندوں نے عائد کیے ہیں، جو معاملے کی سنگینی کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ اگر حکمران جماعت کے ایم ایل ایز سرکاری پروگراموں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنے ہی ڈپٹی چیف منسٹر پر ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا الزام لگا رہے ہیں تو یہ حکومت کی کارکردگی اور شفافیت پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر واقعی بودھل، تھنہ منڈی اور سرنکوٹ جیسے علاقوں کے ساتھ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں ناانصافی کی گئی ہے تو یہ وہاں کے عوام کے ساتھ کھلا امتیاز ہے، اور اگر یہ الزامات بے بنیاد ہیں تو حکومت فوری طور پر تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے تاکہ شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو سکے۔
فاروق انقلابی نے سوال اٹھایا کہ جب خود نیشنل کانفرنس کے اراکینِ اسمبلی ڈپٹی چیف منسٹر پر عوامی سطح پر سنگین الزامات لگا رہے ہیں تو آخر وہ اب بھی اس اہم آئینی عہدے پر کیوں برقرار ہیں؟ کیا حکومت کے پاس اس کا کوئی جواب ہے؟ انہوں نے کہا کہ احتساب سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور کسی بھی عہدے پر فائز شخص کو جوابدہی سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا حکم دیں، پیر پنجال خطے کے تمام اسمبلی حلقوں کو جاری کیے گئے ترقیاتی فنڈز کی تفصیلات عوام کے سامنے لائیں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر حلقے کو اس کا جائز اور مساوی حق ملے۔
محمد فاروق انقلابی نے مزید کہا کہ ترقیاتی فنڈز کسی فرد، وزیر یا مخصوص حلقے کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی امانت ہیں۔ ان کی تقسیم آبادی، ضرورت اور پسماندگی کی بنیاد پر ہونی چاہیے، نہ کہ سیاسی وابستگی یا پسند و ناپسند کی بنیاد پر۔
انہوں نے کہا کہ پیر پنجال کے عوام مساوی ترقی، شفاف طرزِ حکمرانی اور انصاف کے مستحق ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر فوری کارروائی کرے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور کسی بھی علاقے کے ساتھ امتیازی سلوک کی گنجائش باقی نہ رہے۔










Users Today : 78
Users Yesterday : 143