منڈی// لاک ڈون سے متاثر غریب لوگوں کو جہاں ضلع پونچھ میں مختلف سماجی تنظیمیں کھانے پینے یا نقدی امداد کرنے کا کام کر رہی ہیں وہیں ان تنظیموں میں سوسائٹی فار شیڈیول اینڈ بیکورڈ بھی ایک سماجی تنظیم ہے جو اس مشکل وقت میں گھر گھر جا کر غریب مساکین بیواؤں اور ضرورت مند لوگوں میں کھانے پینے کا ضروری سامان تقسیم کر رہی ہے۔ تنظیم کے کوآڈینیٹر امتیاز لون نے کہا کہ ضلع پونچھ کے اکثر لوگ غربت کی زندگی بسر کرتے ہیں اور مزدور پیشہ سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں مشکل سے دو وقت کا کھانا میّسر ہوتا ہے یا ایسی عورتیں بیوہ ہیں جن کا کوئی کمانے والا نہیں اور لاک ڈون کی وجہ سے ان کا ذریعہ معاش متاثر ہوا ہے۔موجودہ حالات کے پیشِ نظر ضلع ترقیاتی کمیشنر کی اجازت سے تنظیم کی ٹیم نے پونچھ اور منڈی میں گھر گھر جا کر مستحیقن میں راشن تقسیم کیا ۔تنظیم کی جانب سے منڈی کے پسماندہ علاقاجات لورن، لوہیل بیلہ، ساوجیاں،گھگڑیاں،بیدار، دھڑہ میں 63 غریب و مساکین خاندانوں میں آٹا چاول تیل صابن اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ پاک نے جن لوگوں کو دولت سے نوازہ ہے وہ اس مشکل وقت میں بے سہارا لوگوں کی مدد کریں تا کہ ان کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کارِ خیر میں ان کے ساتھ وسیم احمد بھی شریک تھے۔
