کشتواڑ//سابق وزیر اعظم ہند راجیو گاندھی کی اٹھائیسویں برسی کے موقع پر کشتواڑ میں ایک تقریب میں انجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس موقع پر جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر غلام محمد سروڑی نے انجہانی کو عزم اور وعدہ بند شخصیت قرار دیا ۔وہیں پارٹی لیڈران نے راجیو گاندھی کے قتل کو ملک کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ۔اس دوران منعقدہ تقریب میں سینئر کانگریس لیڈران ، مہیلا کانگریس اور یوتھ کانگریس لیڈران نے شرکت کی اور انجہانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔سرووڑی نے راجیو جی کی جانب سے قوم کو دی گئی خدمات کو یاد کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا احترام کے نشان کے طور پر دو منٹ کی خاموشی سبھی شرکاءنے اختیار کی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت، سلامتی اور تحفظ کے لئے بے لوث خدمات اور اس کے لئے دی گئی قربانیوں کے لئے متحدہ گاندھی خاندان کو یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک نے راجیو گاندھی کے قتل سے ایک عظیم اور انقلابی رہنما کو کھو دیا۔ ان کی قیادت میں تعلیم، کمپیوٹر سائنس، سائنس ٹیکنالوجی اور دیگر میدانوں میں ملک نے نئی بلندیوں کو چھو لیا جو لوگوں کو براہ راست متاثر کرتی ہیں ۔سروڑی نے کہا کہ راجیو گاندھی جنہوں نے ملک میں پنچایتی راج نظام کو متعارف کرایااور آنجہانی خاص طور پر غریب اور نچلے طبقے کے لوگوں کی بھلائی کے بارے میں فکر مند تھے ۔انہوں نے (راجیوگاندھی) پنچایت راج نظام کی شروعات کی تھی جس میں لوگوں کو شامل کرنے کا مقصدتھا جس سے لوگوں کو ان کے اصل حقوق کو جاننے میں بھی مدد ملی، وہ ہمیشہ لوگوں کی خدمت کرنے میںمصروف رہے۔سروڑی نے مزید کہا کہ بھارت کے لوگوں کو ترقی، تعلیم یافتہ اور خود کفیل دیکھنا ان کا خواب تھا، انہوں نے ملک کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف انقلابی اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر تعلیم اور سائنس ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ بھارت کو تیزی سے ترقی پذیر ممالک کے برابر لا کھڑا کردیا، جو لوگوں کی ترقی میں خاص طور پر غریب لوگوں میں سب سے اہم نقطہ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت راجیو گاندھی کے نقطہ نظر کی وجہ سے آئی ٹی کا مرکز بن گیا ہے اور ملک نے کمپیوٹر سائنس میں نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔اس موقع پر راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں راج کمار بڈیال، طارق حسین منٹو، مدن لال بھنڈاری، غلام محمد، محمد اقبال کین، محمد اقبال کھانڈے، شارق احمد سروڑی، رنکو کوتوال، وسیم سجاد و دیگران موجود تھے-
