جی این ایس آنلائن راجوری مارچ ۱۷
آل انڈیا پسماندہ طبقات یونین کی آج ضلع راجوری کے ڈنڈوٹ گاؤں میں محمد ایوب حجام کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یونین کی پیرپنچل اکاٸی کے صدر محمد منیر مغل نے حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر کی او بی سی برادری کے ساتھ صرف آٹھ فیصد ریزرویشن دے کر ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں اس وقت پچاس فیصد سے زیادہ آبادی او بی سی برادری سے تعلق رکھتی ہے جن کے ساتھ یہ ظلم ہوا ہے۔ منیر مغل نے کہا کہ منڈل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر میں بھی ستائیس فیصد ریزرویشن دینا چاہیے تھا، جب کہ حکومت نے صرف آٹھ فیصد ریزرویشن دے کر او بی سی برادری کا مذاق بنایا ہے۔
پبلسٹی سکریٹری پیرپنچال یونٹ محمد رشید نے OBC کمیونٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1931 کے بعد ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری نہیں ہوئی تو پھر جموں و کشمیر میں آٹھ فیصد ریزرویشن کس بنیاد پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ فیصد ریزرویشن او بی سی کمیونٹی کو قبول نہیں ہے اور انہوں نے حکومت کے فیصلے کی مذمت کی۔ انہوں نے حکومت سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت او بی سی طبقہ کا مذاق نہ اڑائے اور منڈل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ستائیس فیصد ریزرویشن دے۔
جنرل سکریٹری اے آئی بی سی یو پیرپنچال یونٹ محمد اشفاق لوہار نے کہا کہ اگر او بی سی کمیونٹی کو 27 فیصد ریزرویشن نہ دیا گیا تو حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ او بی سی کمیونٹی کا آئینی حق ہے۔ اشفاق نے کہا کہ حکومت کی طرف سے 15 مزید گروپوں کو شامل کرنے کے ساتھ او بی سی کے لیے 8 فیصد ریزرویشن انتہائی قابل مذمت ہے۔
اس دوران میٹنگ میں ڈنڈوٹ گاؤں کے لیے AIBCU ایک کمیٹی کا بھی اعلان کیا گیا اور محمد ایوب حجام کو گاؤں کے صدر کے طور پر اعلان کیا گیا۔ دیگر عہدیداروں میں جمال دین حجام نائب صدر، محمد فاروق جنرل سیکرٹری، عبدالقیوم پبلسٹی سیکرٹری، محمد منظور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، محمد شفیع ترکھان نائب صدر، محمد نذیر حجام، عبداللطیف حجام، جمال دین حجام، محمد فاروق حجام کو بطور ممبر سیکریٹری منتخب کیا گیا۔