راجوری بدھل نومبر ۹
ضلع نائب صدر پی ڈی پی راجوری محمد فاروق انقلابی نے ایل جی انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایل جی انتظامیہ یا تو کرونا وائرس کی آڑ میں جموں و کشمیر کے طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے یا پھر کووڈ 19 وبائی امراض کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ فاروق انقلابی نے کہا کہ پڑوسی ریاست پنجاب میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی ادارے کھلے ہیں، پھر جموں و کشمیر میں ابھی تک تعلیمی ادارے کیوں نہیں کھولے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مسلسل تین سال سے تعلیمی ادارے بند رہنے سے نہ صرف طلباء کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے بلکہ کئی طلباء ذہنی امراض میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں۔
فاروق انقلابی نے کہا کہ لگتا ہے کہ ایل جی انتظامیہ کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے اور نتیجتاً تعلیمی ادارے بند رکھ کر طلباء کا مستقبل تباہ کر رہی ہے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو جموں و کشمیر میں فوری طور پر تمام تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں۔
فاروق انقلابی نے کہا کہ طلباء کے والدین/ سرپرست مزید انتظار نہیں کر سکتے اور وہ چند دنوں میں حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے بہت پریشان ہیں اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو طویل عرصے سے بند کرنے کے فیصلے سے ناراض بھی ہیں اور یہ غصہ اور ناراضگی مستقبل میں ایل جی انتظامیہ کے لیے درد سر بن جائے گی۔











Users Today : 352
Users Yesterday : 386