جی این ایس آنلائن نیوز پورٹل پونچھ جنوری۰
سرسید ایجوکیشن مشن پونچھ اور حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی شہر پونچھ کے اشتراک سے ہاکیہ کے حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ ہال میں ایس ایس پی پونچھ محترم ونے کمار شرما کے اعزاز میں مختصر الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب، مکاتبِ فکر اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی گراں قدر شخصیات نے موصوف کی خطے کے ساتھ بے لوث محبت، انتظامی خدمات، مدبرانہ سوچ اور محنتی مزاج ہونے پر قیمتی تاثرات کا اظہار کیا – ہاکیہ اکیڈمی کی دعوت پر ہر مرتبہ لبیک کہنے اور طلبہ وطالبات کو تعلیمی تجربات سے مستفید کرنے پر موصوف کا شکریہ ادا کیا گیا –
تقریب کی نظامت معروف اینکر پردیپ کھنہ نے شستہ الفاظ میں کی جب کہ استقبالیہ کلمات ڈاکٹر سرفراز میر علیگ چئیرمین سر سید ایجوکیشن مشن پونچھ نے پیش کیے-اس موقع پر سر سید ایجوکیشن مشن اور حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی شہر پونچھ کے اشتراک سے عالی جناب ایس ایس پی پونچھ نے مختصر الفاظ میں اہالیانِ پونچھ سے اپنی قربتوں کا اظہار کیا، انھوں نے پونچھ کوعلم وادب کا گہوارہ کہا جب کہ قلیل وقت میں انتہائی زیرک افراد کے اجتماع کو انھوں نے اپنے لیے باعث سعادت کہا – انھوں نے ہاکیہ اکیڈمی اور ایس ایس ای ایم سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کیں-اس موقع پر محترم مدن موہن کمانڈنٹ سی آر پی ایف 38 بٹالین، محترم دویندرا سنگھ بھشت سیکنڈ ان کمانڈ 38 بٹالین سی آر پی ایف، محترم ہزاری لال ڈپٹی سی او، ضلع کے منتخب آفیسرز ، پروفیسرز، لیکچرار ،وکلاء حضرات، بار ایسوسی ایشن پونچھ کے متعدد ممبران، ڈاکٹرز، سماجی وتعلیمی شخصیات اور منتخب شعراء کرام نے تقریب میں شریک ہو کر تاثرات کا اظہار کیااور موصوف کی حوصلہ افزائی فرمائی-ہاکیہ انتظامیہ کی تحریک تشکر پر تقریب اختتام پذیر ہوئی –